جس جگہ قربانی ہو وہاں کے وقت کا اعتبار ہوگا

مسئلہ:

بہتر تو یہی ہے کہ آدمی اپنی قربانی کا جانور خود پسند کرے، اس کی خدمت گزاری کرکے اس سے محبت کا تعلق پیدا کرے، اپنے ہاتھ سے ذبح کرے، ذبح نہ کرسکے تو اس مبارک وقت پر حاضر رہے، عید کے دن اپنی قربانی میں سے کھائے، پڑوس اور عزیز واقارب ، نیز غریبوں اور رشتہ داروں کو کھلائے، اور یہ سب اسی وقت ہوسکتا ہے جب قربانی اپنے وطن میں کی جائے، لیکن اگر کوئی شخص کسی عذر شرعی یا مصلحتِ شرعیہ کی بناء پر اپنے وطن میں قربانی نہ کرتے ہوئے کسی دوسرے ملک میں قربانی کرے تو بدونِ حرج قربانی درست ہوگی، البتہ اس سلسلہ میں دو اصولی باتیں یاد رکھنی چاہیے:

(۱) قربانی کی ادائیگی واجب ہونے کے بعد ہی قربانی درست ہوگی، اور اس کی ادائیگی ۱۰/ ذی الحجہ کی صبح صادق طلوع ہونے کے بعد واجب ہوتی ہے۔

(۲) جہاں قربانی کی جارہی ہے وہاں کے وقت کا اعتبار ہوتا ہے، لہذا قربانی کرانے والے پر اپنے ملک میں قربانی کی ادائیگی واجب ہونے کے بعد اس کی طرف سے دوسرے ملک میں قربانی کی ادائیگی درست ہوگی، اور ادائے قربانی کے صحیح ہونے میں اس دوسرے ملک کے وقت کا اعتبار ہوگا، یعنی ۱۰/ ذی الحجہ سے ۱۲/ ذی الحجہ کے غروب تک قربانی کرنا جائز ہوگا۔

الحجة علی ما قلنا :

ما فی ” البحر الرائق “ : وسببها طلوع الفجر یوم النحر۔(۳۱۷/۸، کتاب الأضحیة ، الدر مع الرد: ۳۱۳/۶)

ما فی ” الفتاوی الهندیة “ : ان الرجل إذا کان فی مصر وأهله فی مصر آخر فکتب إلیهم لیضحوا عنه فإنه یعتبر مکان التضحیة ، فینبغی أن یضحوا عنه بعد فراغ الإمام من صلاته فی المصر الذی یضحی عنه فیه۔(۲۹۶/۵، کتاب الأضحیة، الباب الرابع)

ما فی ” الدر المحتار مع رد المختار “ : والمعتبر مکان الأضحیة لا مکان علیه، فحیلة مصري أراد التعجیل أن یخرجها الخارج المصر، فیضحی بها إذا طلع الفجر ۔ درمختار۔ قوله : (والمعتبر مکان الأضحیة) فلو کانت فی السواد والمضحی فی المصر جازت قبل الصلاة وفی العکس لم تجز ۔(۴۶۱/۹، کتاب الأضحیة، هدایه أخیرین : ۴۳۰، کتاب الأضحیة)

ما فی ”بدائع الصنائع “ : فصل : وأما وقت الوجوب فأیام النحر فلا تجب قبل دخول الوقت لأن الواجبات الموٴقتة لا تجب قبل أوقاتها کالصلاة والصوم ونحوهما، وأیام النحر ثلاثة : یوم الأضحی وهو الیوم العاشر من ذی الحجة، والحادی عشر والثانی عشر، وذلک بعد طلوع الفجر من الیوم الأول إلی غروب الشمس من الثانی عشر۔(۱۹۸/۴،کتاب الأضحیة)

(فتاوی رحیمیه :۲۸/۱۰۔۴۰)

اوپر تک سکرول کریں۔