(فتویٰ نمبر: ۲۴۵)
سوال:
۱- پیشاب کے قطرے انڈرویئر میں گرجاتے ہیں، تو کیا اس کو تھوڑا دھولینے سے پاک ہوجائے گی ؟
۲- کیا اس بیماری کا علاج ہوسکتا ہے؟
اگر آپ اس بیماری کا علاج مجھے بتاسکتے ہیں، تو آپ سے عاجزانہ درخواست ہے کہ اس کا علاج بتلادیں، اگر اس بیماری کا نبوی علاج موجود ہو تو وہ بھی بتائیں، دعاکرنا کہ اللہ مجھے اس بیماری سے جلد از جلد شفا عطافرمائے !
الجواب وباللہ التوفیق:
۱- انڈر ویئر کے جس حصے پر پیشاب کے قطرے لگ جاتے ہیں اتنے حصے کو تین مرتبہ دھونے اور ہربار نچوڑنے سے پوری انڈرویئر پاک ہوجائے گی،پوری دھونا لازم نہیں۔ (۱)
۲- حکیم محمد طارق محمود چغتائی نے اپنی کتاب ”معالجاتِ نبوی اور جدید سائنس“ میں اس بیماری کے علاج کا ایک نسخہ تحریر فرمایا ہے: ” مویز منقیٰ یعنی تین بڑے سوکھے انگور سے بیج نکال کر ان میں ایک ایک کالی مرچ کا دانہ ڈال دیں اور رات کو سوتے وقت کھالیں،ان شاء اللہ چند روز اس طرح کرتے رہنے سے یہ شکایت ختم ہوجائے گی“۔(۲)
الحجة علی ما قلنا :
(۱) ما في ” مراقي الفلاح “ : ویطهر محل النجاسة غیر المرئیة بغسلها ثلاثًا وجوبًا والعصر کل مرةٍ تقدیرًا لغلبة الظن في استخراجها في ظاهر الروایة ۔
(ص/۷۸ ، باب الأنجاس)
ما في ” الفقه الإسلامي وأدلته “ : یجب تطهیر ما أصابته النجاسة من بدن أو ثوب أو مکان لقوله تعالی : ﴿وثیابک فطهر﴾ ۔
(۲۴۰/۱، المبحث الثاني ، شروط وجوب الطهارة)
(کذا في البحر الرائق :۴۱۱/۱ ، کتاب الطهارة ، باب الأنجاس)
(۲) (معالجاتِ نبوی اور جدید سائنس :۴۳۳/۳) فقط
والله أعلم بالصواب
کتبه العبد: محمد جعفرملی رحمانی۔۱۸/۷/۱۴۳۰ھ
